تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

متحدہ کے کارکن غلام حسین جعفری شہید سپرد خاک ،رابطہ کمیٹی کی مذمت

جنگ نیوز -
کراچی…مسلح جرائم پیشہ منشات فروش دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ایم کیوایم ناظم آباد گلبہار سیکٹر یونٹ 167کے کارکن غلام حسین جعفری شہید کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان وادی حسین کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ شہید کی نما زجنازہ رضویہ امام بارگاہ ناظم گلبہار میں ادا کی گئی ۔ نما زجنازہ و تدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین کیف الوریٰ ، وسیم آفتاب ، سلیم تاجک ، حق پرست صوبائی وزراء خالد عمر ، خالد بن ولایت ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ندیم احسان ، رکن سندھ اسمبلی ریحان ظفر ، ایم کیویم کراچی تنظیمی کمیٹی کے اراکین ، ناظم آباد گلہار سیکٹر کمیٹی کے ارکان ، یونٹوں کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور شہید کے عزیز و اقارب نے شرکت کی ۔ دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے 24سالہ غلام حسین جعفری کو موٹرسائیکل سوارجرائم پیشہ مسلح دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کرکے شہیداورکارکن شفیع کوزخمی کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورواقعہ کوشہرکاامن خراب کرنے کی سازش کاتسلسل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیوایم کے کارکنان اورہمددوں کے قتل عام میں ملوث جرائم پیشہ دہشت گردوں کوگرفتارکیاجائے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ جرائم پیشہ منشیات فروش دہشت گردوں کی جانب سے ہفتے کی شام اولڈ لیاری سیکٹر یونٹ 19کے ہمدردو سلیم قریشی اوران کے بھائی نعیم قریشی کومسلح دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کرکے شہید کرنے کے وقت چندگھنٹے بعدہی موٹرسائیکل سوارجرائم پیشہ منشیات فروش دہشت گردوں کی جانب سے ناظم آبادکے مقامی پارک میں بیٹھے ناظم آبادگلبہارسیکٹرکے کارکنان غلام حسین جعفری کوفائرنگ کرکے شہیداورکارکن شفیع کوشدیدزخمی کرنے کاواقعہ کھلی دہشت گردی ہے جس کا مقصد ایم کیوایم کے معصوم کارکنان کوفائرنگ کانشانہ بناکرشہرکاامن خراب کرناہے۔رابطہ کمیٹی نے صدرآصف علی زرداری،وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی ، وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک،گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد،وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ ناظم آبادگلبہارسیکٹرکے کارکن غلام حسین جعفری کی شہادت کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اورایم کیوایم کے کارکنان وہمدردوں قتل کی واردات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزادی جائے۔رابطہ کمیٹی نے غلام حسین جعفری شہیدکے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ غلام حسین جعفری شہید کی مغفرت اورانہیں جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اور سوگواران کوصبر جمیل عطا کرے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.