29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کوئٹہ : کان میں دھماکا، جاں بحق کان کنوں کی تعداد 10ہوگئی
جنگ نیوز -
کوئٹہ …کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج میں کوئلے کی کان میں دھماکوں سے 10 کان کن جاں بحق ہوگئے ۔42کان کن اندر پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ سورینج کے مقام پر پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی کان میں دھماکے میتھین گیس بھرنے کی وجہ سے ہوئے جس سے کان کا ایک حصہ گرگیا ، دھماکوں کے وقت کان میں52 کان کن کام کررہے تھے جن میں سے10 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں ۔42 مزدورچھ ہزارفٹ کی گہرائی میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے پاک فوج کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں ۔ پاکستان سینٹرل مائنز لیبرفیڈریشن کے کان کنوں اورشہریوں کا الزام ہے کہ یہ حادثہ زیادہ کوئلہ حاصل کرنے کی لالچ میں ہوا ۔بلوچستان کے سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز مشتاق رئیسانی کا کہنا ہے کہ اس کان کو بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا ۔ اس سلسلے میں تحقیقات کی جائیں گی اور جوبھی غفلت کا مرتکب پایا گیا اس کیخلاف کریمنل ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائیگی ۔حادثے میں جاں بحق ہونیوالے اور کان کے اندر پھنسے ہوئے کان کنوں کا تعلق سوات سے ہے ۔ فوج اور دیگر ریسکیو ادارے کان کنوں کو نکالنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے حادثے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کاحکم دیدیا ہے ۔