29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
لیبیا میں کشیدگی ختم کرنے کیلئے افریقن یونین کا اجلاس طلب کرنیکا مطالبہ
جنگ نیوز -
نواکشوط ... افریقی ممالک کے سربراہی پینل نے لیبیا میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے25 مارچ کو افریقن یونین کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ماریطانیہ کے دارالحکومت نواکشوط میں ہونے والے افریقی ممالک کے سربراہی پینل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ لیبیا میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے عرب ممالک ، اسلامی کانفرنس تنظیم ، یورپی یونین، سکیورٹی کونسل کے 5 مستقل ارکان اور لیبیا میں مختلف جماعتوں کے نمائندوں کو بھی 25 مارچ کے اجلاس میں طلب کیا جائے ۔لیبیامیں اتحادیوں کے فوجی آپریشن کے خلاف یونان کے شہر ایتھنز میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، ریلی نے یورپی یونین اور امریکا سفارتخانے کی طرف مارچ کیا، مظاہرین نے یونان کے لیبیا کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے کی مخالفت کی اور مطالبہ کیا کہ لیبیا پرحملوں کے لیے یونان اپنے فوجی اڈے فراہم نے کرے۔بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں لیبیا کے باغیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ قذافی کو اپنے شہریوں کو قتل کرنے سے روکا جائے۔لیبیا کو نو فلائی زون قرار دینے کی حامی عرب لیگ نے بھی حملوں پر تنقید کردی.عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل عمرو موسیٰ نے ایک بیان میں کہا کہ نوفلائی زون کے قیام کا مقصد شہریوں کا تحفظ کرنا تھا ،وہاں فوجی آپریشن کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ان کا کہنا تھا کہ عرب لیگ لیبیا میں فوجی کارروائی نہیں چاہتی تھی۔