29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
قذافی کی فوج کے جنگ بندی اعلان پر شبہ ہے ،امریکا
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... امریکا نے کہاہے کہ قذافی کی فوج کے جنگ بندی کے اعلان پر شبہ ہے ،حملوں میں شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ۔اتحادیوں کا کوئی طیارہ نہیں گرایا گیا ۔عرب لیگ نو فلائی زون کی توثیق کر چکی ہے۔حملوں سے لیبیا کے فضائی دفاعی نظام کو شدید نقصان پہنچا ۔ امریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں کا لیبیائی فوج کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔امریکی فوج نے کہا ہے کہ حملوں کے دوران لیبیا کے فضائی دفاعی نظام کو نقصان پہنچانے میں کامیابی ہوئی ہے۔اتحادیوں نے لیبیائی فوج کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔واشنگٹن میں وائس ایڈمرل بل گورٹنے نے کہا کہ حملوں کے بعد لیبیائی فوج کی فضائی نقل و حرکت نہیں دیکھی گئی۔لیبیا کی فوج نے مخالفین کے خلاف جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ فوجی ترجمان نے اعلان کیا کہ تمام یونٹوں کو فوری طور پر باغیوں کے خلاف جنگ بندی کا حکم جاری کردیا گیا ہے ۔ جنگ بندی کا اعلان اتحادی ممالک کی جانب سے فضائی حملوں کے دوسرے روز کیا گیا ۔ لیبیا کے خلاف فوجی کارروائی کا آغاز ہفتے کی شب ہوا تھا ۔پیرس میں فرانسیسی ترجمان نے کہا کہ فضائی حملوں کے دوران ان کے طیاروں کوکسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ کرنل قذافی نے حملہ آور ملکوں کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے لمبی جنگ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔ امریکی فوج کے ایڈمرل مائیک مولن کہتے ہیں کہ حملے کا اصل مقصد قذافی کو ہٹانا نہیں بلکہ ان کی فورسز کے ہاتھ پاؤں کاٹنا ہے۔قذافی مخالف رہنما عبدالحافظ غوقہ نے کہا ہے کہ قذافی کی فوج نے بغاوت کے دوران آٹھ ہزار سے زائد شہریوں کو ہلاک کیا ہے۔بن غازی میں قذافی مخالف رہنماؤں نے صحافیوں کو سرکاری فوج کا چھوڑا ہوا فوجی ساز و سامان دکھایا۔