29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی میں فائرنگ،چوبیس گھنٹوں کے دوران15 افراد ہلاک
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہل کار سمیت 15 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔ کئی علاقوں میں صورتحال کشیدہ ہے ۔پولیس کے مطابق تین ہٹی ،، گارڈن اور بلدیہ کے علاقوں میں نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کرکے چار افراد کو قتل کردیا ۔ ۔کھارا در میں بھی نامعلوم ملزموں کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے جن کی شناخت نہیں ہوسکی ۔اس سے پہلے گلشن اقبال میں ڈسکو بیکری کے قریب ہوٹل پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس سے چھ افراد زخمی ہوئے ۔ اسپتال میں علاج کے دوران دو افراد نے دم توڑ دیا ۔ واقعے کے بعد علاقے میں صورت حال کشیدہ ہے ۔گلستان جوہر میں محکمہ موسمیات کے قریب فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا ، گلزار ہجری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ارشد جاں بحق ہوگیا ۔لیاری کے علاقے بغدادی ، کلری ، چاکی واڑہ اور پرانا گولیمار میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہوگئے ۔سولجر بازار کے علاقے میں ایک سیاسی جماعت کے دفتر پر بھی آتش گیر مادے سے حملہ کیا گیا ۔لسبیلہ کے قریب نامعلوم شرپسندوں نے ایک منی بس کو آگ لگا دی ۔فائرنگ اور قتل و غارت گری کی وارداتوں کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔رات گئے خداداد کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔