29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
صدر کے بار بار نوٹس بے سود، کراچی میں قتل و غارت جاری،حالات کشیدہ
جنگ نیوز -
کراچی …افضل ندیم ڈوگر…صدر آصف علی زرداری کی جانب سے بار بار نوٹس لینے کے باوجودکراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گرد ی کی کارروائیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ آج تازہ واقعات میں اے این پی سندھ کے رہنما سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے،جس کے بعد شہر کے علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے۔پولیس کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما حنیف خان ایڈووکیٹ کو آج صبح میٹروول سائٹ ایریا میں ان کے گھر کے قریب ٹارگٹ کیا گیا۔ وہ نماز فجر کیلئے مسجد جارہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جناح اسپتال لائے جانے کے دوران وہ جاں بحق ہوگئے۔ مقتول ڈسٹرکٹ ویسٹ کے جنرل سیکرٹری تھے۔ ان کی نماز جنازہ آج شام چھ بجے میٹروول بلاک5 میں خیبر پاس کے قریب ادا کی جائیگی۔ واقعہ کیخلاف اورنگی ٹاؤن ، سائٹ اور بنارس میں کشیدگی ہے۔ کراچی بار ایسوسی ایشن نے اپنے رکن حنیف خان کے قتل کی مذمت کی ہے۔ لائنز ایریا کے علاقے خداداد کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ ایک دینی مدرسے کے معلم عبدالحفیظ ہلاک کردیا گیا۔شاہ فیصل کالونی نمبر ایک میں فائرنگ سے ہلاک کئے گئے ایک نوجوان کی لاش ر یتاپلاٹ سے ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی پولیس کے مطابق مقتول کے ہاتھ پر پیر تحریر ہے۔ حکومت اور اس کی حلیف جماعت کے مابین مذاکرات کامیاب ہوجانے کے باوجود بد امنی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ صدر آصف علی زرداری کے گزشتہ تین ہفتے سے کراچی میں قیام کے باوجود دہشت گردی تھم نہیں سکی۔ اس عرصے میں سوا سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ کراچی میں گذشتہ دو روز کے دوران بد امنی کے واقعات میں تیس افراد ہلاک ہوئے۔ حیرت تو یہ کہ بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں پر پولیس یا کسی اور ادارے کی جانب سے کوئی کارروائیاں بھی دیکھنے میں نہیں آرہیں۔