29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
قوم نے بہت مارشل لا بھگت لئے، اب آئین کی حکمرانی ہو گی،چیف جسٹس
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے غیر فعال پی سی او ججز کی حیثیت پر حکومت کا تحریری موقف طلب کرلیا ہے، چیف جسٹس افتخارچودھری نے ریمارکس میں کہا ہے کہ قوم نے بہت مارشل لا بھگت لئے، اب صرف آئین کی حکمرانی چلے گی۔ چیف جسٹس افتخار چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے7 رکنی بنچ نے توہین عدالت کی فردجرم عائد ہونے کی کارروائی کیخلاف چھ پی سی او ججز کی اپیلوں پر سماعت کی ، آج غیرفعال ججز کے وکیل رضا کاظم نے دلائل بھی دیئے ، ایک موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ آئین جو بھی توڑے گا اس کیخلاف آرٹیکل6 موجود ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار عدلیہ نے تین نومبر2007 کو کسی مہم جو کے اقدام کی توثیق نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تین نومبر کو فوج اور پیراملٹری فورسز نے سپریم کورٹ کا گھیراؤ کررکھا تھا اور عدلیہ نے ایسے حالات میں ایمرجنسی کیخلاف فیصلہ دیا ، عدالت نے اٹارنی جنرل کو کہا کہ وہ حکومت سے پوچھ کر تحریری جواب عدالت میں جمع کرائیں تاکہ علم ہوسکے کہ حکومت ان ججز کو کیا حیثیت تسلیم کرتی ہے ، بعد میں سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے وکیل خالد رانجھا کی درخواست پر مقدمہ کی سماعت چار اپریل تک ملتوی کردی گئی۔