تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

کشمیر ای یو کی فرانس میں ایک ملین دستخطی مہم

جنگ نیوز -
پیرس …رضا چوہدری /نمائندہ جنگ …بھارت کے زیر تسلط کشمیرمیں تشدد اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف یورپ میں کشمیرکونسل ای یو کی طرف سے جاری ایک ملین افرادکے دستخط جمع کرنے کی مہم فرانس پہنچ گئی جہاں اس سلسلے میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں افتتاحی تقریب منعقدہوئی ۔ تقریب میں بڑی تعدادمیں لوگ شریک ہوئے۔ اس مہم کا آغاز بلجیم کے دارالحکومت برسلزمیں گذشتہ سال ہواتھااورگذشتہ ماہ ہالینڈمیں اس مہم کا کیمپ لگایاگیا۔ ابتک بے شماریورپی لوگوں سے کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف دستخط لیے گئے ۔کشمیرکونسل ای یوکے چیئرمین اور انٹرنیشنل کونسل فارہومین ڈیوپلمنٹ (آئی ایچ سی ڈی)کے سربراہ علی رضاسید نے بتایاکہ بلجیم ، ہالینڈاور فرانس کے بعداس مہم کے ذریعے دیگر یورپی ممالک میں گھوم پھرکر ایک ملین دستخط پورے کئے جائیں گے۔ یہ ایک ملین دستخط یورپی پارلیمنٹ کو پیش کردیئے جائیں گے تاکہ بھارت کے زیرتسلط کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیاکے سامنے آشکارکیاجائے۔ بھارتی فوج آئے دن کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اور ہزاروں کی تعدادمیں کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت واقعات میں ماردیاگیاہے۔ علی رضاسید نے کہاکہ گذشتہ ایک سال کے دوران بڑی تعدادمیں بے گناہ نوجوان بھارتی فوجیوں کے ہاتھو ں مارے گئے۔حالیہ سالوں کے دوران کشمیرمیں بے شمار بے نام قبریں دریافت ہوئی ہیں جن میں ہزاروں کی تعدادمیں بے گناہ مارے جانے والے کشمیری دفن ہیں جنھیں جعلی مقابلوں یا قید کے دوران شہید کردیاگیا۔ وادی کشمیرمیں کالے قوانین نافذ ہیں اور بہت سے کشمیری تحریک آزادی کی پاداش میں جیل میں ہیں۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مطالبہ کیا کہ بھارت اگر مسئلہ کشمیرکے پرامن حل میں سنجیدہ ہے تو وہ وادی کشمیرسے اپنی فوجیں واپس بلائے ، حریت پسند رہنماؤوں اور کارکنوں کو رہاکرے اور کالے قوانین ختم کرکے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث فوجیوں کو سزادے۔انھوں نے زوردے کرکہا کہ کشمیریوں کا قتل عا م بند کیاجائے، تمام قیدیوں کو بشمول گذشتہ سال جون کے بعد تشددکے میں اضافے سے ابتک حراست میں لیے گئے نوجوانوں کو رہاکیاجائے، تمام کالے قوانین کو ختم کیاجائے، عالمی برداری کو سامنے آکر کشمیریوں پر تشدد کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو بلاروکاوٹ کشمیرمیں تشدد سے متاثرہ لوگوں سے رابطے میں اجازت ملنی چاہیے۔ انھوں نے مزید کہاکہ حقائق جاننے کے لیے بین الاقوامی مشن کشمیرروانہ کیاجائے جو گم شدہ افراد ا ور ماورائے عدالت قتل ہونے والے لوگوں کے بارے میں تحقیقات کرے تاکہ ان واقعات میں ملوث افرادکو سزادی جائے۔ اس طرح مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کی راہ ہموارکی جائے تاکہ علاقے میں امن قائم ہوسکے۔ علی رضاسید نے آخرمیں ایک بارپھر کہاکہ اس مہم کے ذریعے ہرکوئی جو امن چاہتاہے، دستخط کرکے اپنی یکجہتی کا اظہارکرسکتاہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.