29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کالا شاہ کاکو انٹرچینج پر ڈکیتی کی وارداتیں، پولیس کارروائی سے گریزاں
جنگ نیوز -
لاہور…موٹر وے پر لاہور کے قریب پولیس پیڑولنگ کے باوجود ڈاکوؤں نے پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کی بس سمیت کئی گاڑیوں کو لوٹ لیا۔کالا شاہ کاکو انٹر چینج کے نزدیک ڈکیتی کی کئی وارداتیں ہوئیں جس میں آٹھ ڈاکوؤں نے پیڑولنگ پولیس چوکی کے قریب ناکا لگا کر متعدد بسوں اور گاڑیوں کو روک کر مسافروں سے ہزاروں روپے نقد اور ایک درجن سے زائد موبائل فون لوٹ لیے۔ پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ نے ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹنے کے بعد موٹر وے پر پولیس کیخلاف نعرے لگائے اور احتجاج کیا۔ طلبہ کا کہنا تھاکہ وہ پنڈی سے تفریحی ٹرپ کے بعد لاہور آ رہے تھے کہ8ڈاکوؤں نے ناکا لگا کر انہیں روکا اور تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے نقدی اور موبائل فون چھین لیے۔ طلبہ کا کہنا تھاکہ پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔