29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
چوہدری نثار کا صدرکے خط کا جواب ،چیئرمین نیب کی تقرری مسترد
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے صدر زرداری کے خط کا جواب دیتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ دیدار حسین شاہ کی بطورچیئرمین نیب تقرری کی تجویز مسترد کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی سندھ کے احتجاج نے دیدار حسین شاہ کو مزید متنازع بنادیا ہے ۔ خط کا جواب قائد حزب اختلاف چوہدری نثار کے سیکریٹری کی طرف سے صدر کے سیکریٹری کو بھیجا گیا ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ قائد حزب اختلاف پہلے ہی دیدار حسین شاہ سے متعلق کہہ چکے ہیں کہ وہ چئیرمین نیب کے عہدے کے لیے مناسب نہیں ۔ قائد حزب اختلاف اس رائے کا اظہار وزیراعظم کو 24ستمبر2010 کے خط میں کرچکے ہیں، اس کے باوجود دیدار حسین شاہ کی تقرری ہونے پر قائد حزب اختلاف نے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ سپریم کورٹ نے 10 مارچ2011 کو دیدار حسین کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیا اوراپنے مختصر حکم میں انہیں فوری عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا ۔خط میں کہا گیا کہ قائد حزب اختلاف اعلیٰ عدلیہ کا انتہائی احترام کرتے ہیں اور ان کی رائے ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کیا جانا چاہئیے تھا لیکن عدالت کا تفصیلی فیصلہ آنے سے پہلے صدر کی جسٹس دیدار کے دوبارہ تقرر کی تجویز پر حیرت ہے ۔ خط میں کہا گیا کہ اتفاق رائے اور بامقصد مشاورت کے بعد کسی دوسرے شخص کو چیئر مین نیب مقرر کیا جائے اور مشاورتی عمل سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد ہی شروع کیا جاسکتا ہے۔خط میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی سندھ نے صوبے بھر میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف احتجاج کر کے اس کا مذاق اڑایا اور توہین عدالت کر کے محاذ آرائی کو ہوا دی۔ اس غیر قانونی احتجاج نے جسٹس دیدار شاہ کو مزید متنازع بنادیا ہے جب کہ کراچی میں متعدد بے گناہ شہری ہلاک بھی ہوگئے۔