29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پنجاب اسمبلی ، پی پی کی عظمیٰ بخاری کے ریمارکس پر ہنگامہ!
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج اس وقت ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگیا جب حکومتی خاتون رکن نے پیپلزپارٹی کی رکن عظمیٰ بخاری سے یہ پو چھا کہ ان کے والد ریمنڈ ڈیوس کے وکیل تھے ،وہ بتائیں دیت کی رقم کہاں سے آئی اور کتنی تھی جس پر عظمیٰ بخاری غصے سے بے قابو ہوگئیں اور حکومتی خواتین کو ان پڑھ اور جاہل قراردے دیا،پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ کی رکن غزالہ رانا نے پوائنٹ آف آرڈر پر پیپلزپارٹی کی رکن عظمیٰ بخاری سے یہ معلوم کرنا چاہا کہ ان کے والد جسٹس ریٹائرڈ زاہد حسین بخاری ریمنڈ ڈیوس کے وکیل تھے بتائیں کہ پیسے کہاں سے آئے اور کتنے تھے؟حکومتی رکن کا یہ سوال کرنا تھا کہ عظمیٰ بخاری غصے میں آگئیں اور کہہ دیا کہ ان کو اپنے باپ کے بڑا آدمی ہونے پر فخر ہے اور اگر کسی کا باپ اس قابل نہیں کہ ان کے باپ سے مقابلہ کر سکے تو وہ کیا کریں۔عظمیٰ بخاری نے جب یہ اقرارکیا کہ ان کے والد ریمنڈ ڈیوس کے وکیل تھے تو حکومتی بنچوں سے شیم شیم کے نعرے لگنے لگے جس پرعظمیٰ بخاری کہنے لگیں کہ کرو،کروعظمیٰ بخاری کے غصے سے اسپیکر رانا اقبال بھی نہ بچ سکے۔بات یہیں پہ ختم نہ ہوئی ،اسمبلی میں شورشرابہ جاری رہا اور اپنی نشست پر بیٹھی عظمیٰ بخاری بھی آگ بگولا ہوتی رہیں،عظمیٰ بخاری کے ریمارکس پر حکومتی خواتین ایوان سے واک آوٹ کرگئیں، اس پر بھی اپوزیشن نے شور مچانا شور کر دیا ۔