تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ جاری، مزید 4 افراد قتل، کئی علاقوں میں خوف وہراس

جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی جاری وارداتوں میں اے این پی سندھ کے رہنما سمیت مزید4افرادکوقتل کردیا گیا،بیشتر علاقوں میں شدید ہوائی فائرنگ کے بعد خوف اور بے یقینی کی فضا قائم رہی اور کاروبار بند ہوگیا۔ کراچی کے علاقے میٹروول سائٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما حنیف خان ایڈووکیٹ کو قتل کردیا گیا۔مقتول اے این پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے جنرل سیکرٹری اور معروف قانون دان تھے۔ کراچی بار ایسوسی ایشن نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے منگل کو سٹی کورٹ میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ان کے قتل کے بعد اورنگی ٹاؤن، کیماڑی ، سائٹ لیاری، لی مارکیٹ، بنارس، گلشن اقبال، صدر، گلستان جوہر، ملیر، سہراب گوٹھ، ابوالحسن اصفہانی روڈ اوردیگر علاقوں میں کاروبار بند اور صورتحال سخت کشیدہ رہی ۔ کراچی میں بدامنی کے دیگر واقعات میں خداداد کالونی میں ایک دینی مدرسے کے معلم عبدالحفیظ جبکہ شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم نوجوان کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔پیر کی شام گلشن اقبال میں آصف بٹ نامی ہلاک ہوگیا۔حکومت اور اس کی حلیف جماعت کے مابین ایک بار پھر مذاکرات کامیاب ہوجانے کے باوجود بد امنی کا سلسلہ جاری ہے بلکہ اب تو دہشت گرد اپنی کارروائیوں میں دستی بموں کا استعما ل بھی سرعام کرنے لگے ہیں ۔ تین ہفتے قیام کے بعد صدر آصف علی زرداری پیر کی شام کراچی سے اسلام آباد تو چلے گئے مگر کراچی میں ان کے قیام کے دوران دہشت گردی عروج پر رہی اور اس عرصے میں سوا سو سے زائد افراد ہلاک کردیئے گئے۔ قابل حیرت بات یہ ہے کہ بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں پر پولیس یا کسی اور ادارے کی جانب سے کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.