29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
نون لیگ کا صدارتی خطاب میں خلل ڈالنے کا اصولی فیصلہ
جنگ نیوز -
لاہور...مسلم لیگ ن نے صدر کے خطاب میں خلل ڈالنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے، پارٹی رہنماؤں کی اکثریت کا خیال ہے کہ صدر کو ٹف ٹائم دیا جانا چاہیے۔تجزیہ کاروں کے مطابق ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں پنجاب حکومت کے مبینہ کردار اور پنجاب اسمبلی میں لوٹوں پر تنقید کے بعد نون لیگ سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع نے جیو نیوز کوبتایا کہ صدارتی خطاب کے دوران جزوی یا اجتماعی احتجاج کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے،آخری وقت تک اپنے پتے چھپا کر رکھیں جائیں گے۔ حتمی فیصلہ خطاب سے قبل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں لاہور میں اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی، خواجہ آصف، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق اور پرویز رشید نے شرکت کی۔ پارلیمنٹ میں احتجاج کے دوران مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن ، ڈرون حملے اور ریمنڈ ڈیوس کی رہائی جیسے ایشو اٹھائے جائینگے۔ ذرائع کے مطابق ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے مسئلے پر تنقید سے مسلم لیگ ن سکتے کی حالت میں ہے اور وہ صدر کو واک اوور نہ دے کر اس تاثر کو زائل کرنا چاہتی ہے کہ ریمنڈ کے مسئلے پر وفاقی حکومت کے ساتھ تھی۔ نون لیگ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی یونی فکیشن بلاک پر شدید تنقید سے بھی نالاں ہے۔