29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
طرابلس پر اتحادی افواج کے حملے،قذافی کی رہائشگاہ کے باہر دھماکے
جنگ نیوز -
طرابلس پر اتحادی افواج کے حملے،قذافی کی رہائشگاہ کے باہر دھماکے
طرابلس…لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں اتحادی افواج کے تازہ حملوں میں متعدد افرادہلاک ہوگئے۔ معمر قذافی کے گھر کے باہر بھی دھماکے سنے گئے۔بن غازی پر سرکاری فوج کے حملے میں چالیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں ۔صورت حال پر غور کے لیے جمعرات کو سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ طرابلس میں اتحادی افواج نے کئی مقامات پر حملے کیے ۔ معمر قذافی کی رہائش گاہ کے باہر بھی دھماکے سنے گئے سرکاری ترجمان نے بتایا کہ اتحادی افواج نے آج شام لیبیا کی بندرگاہوں اور نیول بیس کے علاوہ سرت کے ایئرپورٹ پر بھی بمباری کی، ترجمان کے مطابق حملے میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے۔ لیبیائی فوج کی جانب سے مکمل جنگ بندی کے اعلان کے باوجود آج مصراتہ اور بن غازی میں مخالفین پر حملے کیے گئے ، جس میں چالیس سے زاید افراد مارے گئے ہیں ۔ ایک سرکاری ترجمان نے دعویٰ کیا کہ مصراتہ شہر باغیوں سے آزاد کرالیا گیا ہے۔ امریکی صدر بارک اوباما نے ایک بار پھر کہا ہے کہ معمر قذافی کو اقتدار چھوڑنا پڑے گا،برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ لیبیا کو قذافی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا تاہم ان کا کہنا تھا کہ لیبیائی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے۔امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کا کہنا ہے کہ امریکا لیبیا کے خلاف اپنا کردار کم کر دے گا۔قاہرہ میں مصری ہم منصب نبیل الرابی کے ساتھ پریس کانفرنس میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لیفروف نے لیبیا پر حملوں کو باعث تشویش قرار دیا اور کہا کہ غیر فوجی اہداف پر حملے بند کیے جائیں۔