29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پاکستان ،ویسٹ انڈیز کو ہرا کرورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچ گیا
جنگ نیوز -
ڈھاکا...پاکستان آئی سی سی ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا گیا ایک سو تیرہ رنز کا ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر بیس اعشاریہ پانچ اوور میں حاصل کرکے ویسٹ انڈیز کو دس وکٹ سے شکست دی۔بالنگ میں آوٴٹ کلاس کارکردگی کے بعد پاکستانی بیٹسمینوں کامران اکمل اور محمد حفیظ نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی بالنگ لائن کے پرخچے اڑا دیئے اور صرف 20.5اوورز میں ایک سو تیرہ رنز کا ہدف پورا کرلیا۔محمد حفیظ اور کامران اکمل نے بالترتیب 61اور 47رنز بنائے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا لیکن ماضی میں کالی آندھی کہلائی جانے والی ویسٹ انڈین ٹیم کے بلے باز عمرگل، محمد حفیظ اور شاہد آفریدی کی نپی تلی بولنگ کا مقابلہ نہ کرسکی ، 16کے مجموعی اسکور پر 3اور پھر 71کے اسکور پر 7کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، تاہم چندرپال کی محتاط بیٹنگ کی بدولت ٹیم 112رنز کا مجموعہ حاصل کرنے اور پاکستان کو 113رنز کاہدف دینے میں کامیاب رہی۔ چندرپال نے ناقابل شکست44رنز اسکور کئے۔ بولنگ کے شعبے میں پاکستانی کپتان سرفہرست رہے۔انہوں نے 9.3اوورز میں 30رنز کے عوض4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ان کے علاوہ محمد حفیظ، سعید اجمل نے دو، دو ، عمرگل اور عبدالرزاق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ یہ ویسٹ انڈیز کا پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ کا کم ترین اسکور ہے، اس سے قبل 1983کے ورلڈ کپ میں اوول کے گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز 188رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی، تاہم وہ یہ میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔ اس کے ساتھ ہی شاہد آفریدی21وکٹوں کے ساتھ ورلڈ کپ میں سرفہرست ہیں۔