29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
آل پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکر کا دھرناختم ،ٹریفک کی بحالی شروع
جنگ نیوز -
گھوٹکی … آل پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکر کی جانب سے جاری دھرنے کو پولیس کے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد ختم کردیاگیا ہے ۔دھرنے کی وجہ سے قومی شاہراہ پرہونے والابدترین ٹریفک جام بحال کیا جارہا ہے۔ آل پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکرکامطالبات کی منظوری کے لئے اوباڑو کے قریب قومی شاہراہ پر گزشتہ رات دو بجے سے دھرنا جاری تھا۔ جس میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ساتھ قومی اسمبلی کی رکن ماروی میمن بھی موجود رہیں۔ پولیس کے مطابق دھرنے کے باعث اس اہم شاہراہ پر بدترین ٹریفک جام میں پھنس کر ایک حاملہ خاتون اور ایک مریض ایمبولینس میں دم توڑ گئے۔ جاں بحق افراد کے ورثانے ماروی میمن سمیت 25سے زائد مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ ، ہوائی فائرنگ اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پر لاٹھی چارج کیا جس سے 50 لیڈی ہیلتھ ورکرز زخمی ہوگئیں۔ پولیس کارروائی کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئیں ۔دھرنے کی وجہ سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جو اب بحال ہو رہا ہے۔ پولیس کے مطابق ہنگامہ آرائی کے الزام میں 42 خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جن میں ماروی میمن اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی رہنما بشرٰی آرائیں بھی شامل ہیں۔