تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

امریکی کانگریس کے وفد کی صدر زرداری سے ملاقات

جنگ نیوز -
اسلام آباد....امریکی کانگرس کے وفد نے روب وٹمین کی قیادت میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے۔صدر زرداری نے زور دیا ہے کہ ڈرون ٹیکنالوجی پاکستان کو جلد فراہم کی جائے اور دونوں ممالک کے درمیان بد اعتمادی پیدا کرنے والے تمام بے سود اقدامات پر فوری نظر ثانی کی جائے۔ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں امریکی سفیر کیمرون منٹر،وفاقی وزرا احمد مختار، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک،سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر،سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اطہر علی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان عدم اعتماد اور غلط فہمیاں بڑھانے والے امور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے امریکی کانگریس کے اراکین پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی عالمی منڈیوں تک رسائی اور اقتصادی ترقی زونز کے قیام کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔صدر نے فلوریڈا میں قرآن پاک کو جان بوجھ کر نذر آتش کرنے والوں کو ذہنی بیمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور مہذب اقوام ثقافتی و مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خصوصی منصوبے بنائیں۔صدر زرداری نے کہا کہ عدم برداشت اور اختلافات قومی حدود اور مذہبی تقسیم سے بڑھ رہے ہیں اس لیے دنیا اس کا نوٹس لے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ اس موقع پر امریکی وفد نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی اور امریکی انتطامیہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.