تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

پی پی کا نواز شریف کو جگہ دینا غلطی ہوگی،دادفرسپانٹا/وکی لیکس

جنگ نیوز -
کراچی…افغانستان کے وزیر خارجہ رنگین دادفر سپانٹا نے دو ہزار آٹھ میں انتخابات کے بعد امریکی سفیر سے ملاقات میں کہا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی عبوری سیٹ اپ میں نواز شریف کو جگہ دیتی ہے تو یہ بہت بڑی غلطی ہوگی۔بائیس اپریل دو ہزار آٹھ کو کابل میں افغان وزیر خارجہ نے امریکی سفیر ولیم ووڈ سے ملاقات کی جس کی تفصیل امریکی سفیر نے انتیس اپریل کو واشنگٹن بذریعہ مراسلہ بھیجی۔ امریکی سفیر نے مراسلے میں واشنگٹن کو آگاہ کیا کہ افغان وزیر خارجہ کو پاکستان کے عبوری سیٹ اپ میں نواز شریف کو ممکنہ طور پر جگہ دیے جانے پر تشویش ہے۔ ملاقات میں امریکی سفیر نے بھی رنگین دادفر سپانٹا کی بات سے اتفاق کیا۔ امریکی سفیر نے افغان وزیر خارجہ کو بتایا کہ ایسے اشارے ملے ہیں کہ قبائلی علاقوں میں آئی ایس آئی مقامی افراد کو عرب باشندوں سے دور رہنے پر دباوٴ ڈال رہی ہے۔ افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کرئی حکومت نئی پاکستانی حکومت کی کامیابی کیلئے ہرممکن مدد کرے گی۔ رنگین دادفر سپانٹا نے یہ بھی بتایا کہ وہ اسلام آباد دورے میں افغان حکومت کی تشویش پر عوامی نیشنل پارٹی سے تو کھل کر بات کرسکتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی سے مذاکرات میں انھیں سفارتی زبان استعمال کرنی پڑے گی۔ پاکستان کی جانب سے القاعدہ کیخلاف تنہا کارروائی کو انھوں نے نہ صرف افغانستان بلکہ خود پاکستان کیلئے بھی خطرناک قرار دیا جس پر امریکی سفیر ولیم ووڈ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف کوئی بھی کارروائی مشترکہ ہونی چاہیئے۔ افغانستان کے معاملات میں ایران کی مداخلت پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ رنگین دادفر سپانٹا کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان سے بھی زیادہ خطرناک ہے تو امریکی سفیر نے کہا کہ افغانستان ایران کیساتھ دوسرا محاذ نہیں کھول سکتا کیونکہ اس وقت پہلے پاکستان سے پہلے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ایران طالبان کی مدد کررہا ہے۔ اس موقع پر افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ ْملا برادری بالخصوص ایرانی ْملاوٴں کے کردار کو ہرگز قبول نہیں کرسکتے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.