29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
قرآن کی بے حرمتی،پنجاب اسمبلی میں اقلیتی ارکان کا احتجاج
جنگ نیوز -
لاہور…ملعون امریکی پادری کی طرف سے قرآن کی بے حرمتی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں اقلیتی ارکان احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کر گئے۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرے۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اقلیتی ارکان نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیری جونز نے قرآن میں موجود حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت مریم علیہ السلام کے ناموں کی بھی بے حرمتی کی۔ قرآن کی بے حرمتی فرد واحد کا مکروہ فعل ہے عیسائی برادری کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔پاکستان اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے سیشن میں قرآن کی بے حرمتی پر احتجاج کرے۔احتجاج کے بعد اقلیتی ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کامران مائیکل نے بتایا کہ عیسائی برادری اس واقعہ کیخلاف آج ملک گیر سطح پر یوم سوگ منا رہی ہے۔ قرآن کی بے حرمتی پر وہ مسلمان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔