29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
امریکا میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلا ف ملک بھر میں مظاہرے
جنگ نیوز -
کراچی… امریکی پادری ٹیری جونز کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے ،مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے پادری ٹیری جونز کو سزا دی جائے۔ امریکی ریاست فلوریڈا میں پادری ٹیری جونز کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کی ریلی بنوریہ ٹاون مسجد سے نمائش چورنگی تک ریلی نکال لی گئی ، ریلی میں مسیحی برداری کے پادری بھی شریک تھے ، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر پروفیسر غفور نے کہاکہ عالم اسلام متحد ہوکر امریکی پادری کے خلاف سخت سے سخت احتجاج ریکارڈ کرائے کراچی میں میمن مسجد کے باہر جمعیت علما پاکستان اور سنی اتحاد کونسل کے نے بھی مظاہرہ کیا ، لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے جماعت اسلامی،جمعیت علما اسلام سمیت دیگر تنظیموں نے مظاہرہ کیا۔پنجاب یونی ورسٹی اکیڈمک اسٹاف کی احتجاجی ریلی کیمپس سے نکل کر مین روڈ پر آگئی اور ٹریفک بلاک کر دیا ، جماعت اسلامی نے ملتان روڈ پر منصورہ کے سامنے احتجاج کیا ۔راول پنڈی میں ڈھوک حسو کے مقام پر تاجروں نے احتجاج کیا جبکہ اسلام آباد مرکز جی 9 میں مذہبی جماعتوں نے مظاہرہ کیا اور ، امریکی پادری ٹیری جونز کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ۔پشاور میں جمعیت علمائے اسلام(ف) کے کارکنوں نے یکہ توت میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف کوئٹہ میں بھی جے یو آئی ف اور مسیحی برادری کی جانب سے مشترکہ احتجاجی ریلی نکالی گئی۔