29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
عوام ایم کیوایم کی جانب امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں، سلیم دانش
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ برطانیہ یونٹ کے تحت لندن میں ایم کیو ایم کا27 واں یوم تاسیس منایا گیا۔ اس سلسلے میں لندن کے علاقے ایجوئیر میں سادہ و پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں برطانیہ کے مختلف شہروں برمنگھم ، شیفیلڈ،کوونٹری اور نارتھمپٹن کے علاوہ لندن کے علاقے ایسٹ لندن، سلاؤ، ساؤتھ آل، ٹوٹنگ، ویمبلے اورایجویئریونٹ سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم برطانیہ کے آرگنائزر ڈاکٹر سلیم دانش نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے 18 مارچ 1984ء کو حق پرستی کی جس عوامی تحریک کا آغاز کیا تھاآج وہ تحریک آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان بھر میں پھیل چکی ہے ۔ملک وقوم کو فرسودہ اور ظالمانہ جاگیردارانہ نظام اور کرپٹ سیاسی کلچر سے نجات دلانے کیلئے ملک بھرکے غریب ومتوسط طبقہ کے عوام ایم کیوایم کی جانب امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حق پرستی کی اس جدوجہد کے دوران قائد تحریک الطاف حسین نے نہ صرف اپنی جوانی ، خواہشات اور امنگوں کو قربان کیا اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں بلکہ اپنے بڑے بھائی ناصر حسین اور بھتیجے عارف حسین سمیت 15 ہزار سے زائد ساتھیوں کی شہادت کا صدمہ بھی برداشت کیالیکن ظلم وستم کا کوئی بھی ہتھکنڈہ الطاف حسین کو ان کے مشن و مقصد سے باز نہیں رکھ سکا ۔انہوں نے کہاکہ الطاف حسین ملک بھرمیں غریب و متوسط طبقہ کی قیادت کی تعلیم یافتہ اور ایماندار قیادت لانا چاہتے ہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ملک بھر کے عوام کو قومی دولت کی لوٹ مار کرنے والے جاگیرداروں ،وڈیروں اور سرمایہ داروں کے تسلط سے نجات حاصل ہوگی۔قبل ازیں ایم کوایم برطانیہ کے جوائنٹ آرگنائزر فیض احمد نے کہا کہ غریب ومتوسط طبقہ کا عوامی انقلاب پاکستان کا مقدر بن چکا ہے اور اب ملک میں ذاتی وخاندانی مفادات کی سیاست کے دن گنے جاچکے ہیں ۔ الطاف حسین کا فکر و فلسفہ ملک بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور ملک بھر کے عوام جوق در جوق ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ انشاء اللہ ملک بھر کے مظلو م اور محروم عوام اپنے اتحاد سے نہ صرف فرسودہ جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ کریں گے بلکہ ملک وقوم کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر بھی گامز ن کردیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو الطاف حسین کو تنہا کرنے کی باتیں کرتے تھے اورایم کیوایم کو تنہا کرنے کا دعویٰ کرتے تھے آج وہی لوگ تنہائی کا شکار ہیں جبکہ ایم کیوایم ملک بھرکے عوام کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے۔تقریب سے ایم کیوایم برطانیہ کی آرگنائزنک کمیٹی کے اراکین علی مرتضی،ہاشم اعظم،آصف جمیل،سہیل خانزادہ،ریحان عباسی اور عبدالحلیم کے علاوہ مختلف یونٹوں کے انچارجز نے بھی خطاب کیا۔