29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بینظیر قتل کیس: مشرف کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے بھی رابطہ کا فیصلہ
جنگ نیوز -
راولپنڈی … بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کی گرفتاری کیلئے عدالت کی ہدایت پر فریق استغاثہ نے انٹرپول سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر تین کے جج رانا نثار نے اڈیالہ جیل میں بے نظیر قتل کیس کی سماعت کی ، مقدمہ کے تفتیشی آفیسر خالد رسول نے اپنا بیان قلم بند کرایا جس کے مطابق پرویزمشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے کیلئے حکومت برطانیہ کو خطوط لکھے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک میں ایسے ملزموں کے تبادلے کا معاہدہ تو موجود نہیں تاہم دو طرفہ تعاون کی بنیاد پر ملزم ، پاکستان کے حوالے ہوبھی سکتا ہے ، عدالت میں برطانیہ کو لکھے گئے خطوط کا ریکارڈ بھی پیش کیس گیا جس کے بعد سماعت دو اپریل تک ملتوی کردی گئی۔ بعد میں میڈیا کو بریفنگ میں وکیل استغاثہ چودھری ذوالفقار نے بتایا کہ عدالت نے پرویزمشرف کی گرفتاری کیلئے تمام اقدام کرنے کی ہدایت کی ہے، اس لئے اب انٹرپول سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔