29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
امریکا کی پاکستان میں سیاسی عمل مستحکم کرنے کیلئے مدد کی پیشکش
جنگ نیوز -
واشنگٹن…امریکا نے پاکستان میں سیاسی عمل مستحکم کرنے کے لیے مدد کی پیشکش کردی۔واشنگٹن میں محکمہ خارجہ کے ترجمان مارکر ٹونر نے ایک بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان کی صورت حال اور وہاں جاری سیاسی عمل مستحکم کیا جائے تاکہ پاکستان دہشت گردی کے خطرے سے زیادہ بہتر طور پر نمٹ سکے۔انھوں نے کہا کہ سیسی عمل مستحکم ہونے سے پاکستان نہ صرف اندرونی طور پر درپیش دہشت گردی کے خطرے کا مقابلہ کرسکے گا بلکہ امریکا کا تیزی سے ترقی کرنے والا پارٹنر بھی بن جائے گا۔سی آئی اے کے ایجنٹ ریمنڈ ڈیوس کی پاکستان میں گرفتاری اور رہائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی ترجمان نے کہا کہ اس مسئلے دونوں ملکوں کے تعلقات میں کچھ رکاوٹیں پیدا ہو گئی تھیں تاہم اب دونوں ملک اس بات کو فراموش کر دینا چاہتے ہیں۔مارک ٹونر نے بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے مارک گراسمین افغانستان کے مسئلے پر اتحادیوں سے تبادلہ خیال کے لیے برسلز اور ماسکو جائیں گے۔