29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پاک بھارت سیمی فائنل کے ٹکٹس غائب، بلیک میں 1لاکھ روپے کا ہوگیا
جنگ نیوز -
موہالی…پاکستان اور بھارت کے درمیان بدھ کو کھیلنے جانے والے ورلڈ کپ کرکٹ کے دوسرے سیمی فائنل کو" مدر آف آل کلیشز" کا نام دیا جا رہا ہے، جہاں یہ میچ دونوں ٹیموں کے لئے اہم ہے وہاں اس کی اہمیت کے پیش نظر اس کی ٹکٹس بھی بلیک میں بیس گنا زیادہ قیمت میں فروخت ہو رہے ہیں،بلکہ ٹکٹ کی قیمت ایک لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ورلڈ کپ کرکٹ کا سب سے بڑا میچ تیس مارچ کو موہالی کے پی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اسٹیڈیم میں ساڑھے ستائیس ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، بڑے میچ کے لئے شائقین کرکٹ ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے ہر قیمت ادا کرنے کوتیار ہیں اور اس کی وجہ سے بلیک میں ٹکٹ فروخت کرنے والوں کی چاندی ہو گئی ہے۔ بھارتی ویب سائٹ کے مطابق ڈھائی سو روپے مالیت کا ٹکٹ پانچ ہزار روپے میں، پانچ سو روپے کا ٹکٹ دس ہزار روپے میں، دس ہزار روپے مالیت کا ٹکٹ پچاس ہزار روپے میں اور پندرہ ہزار روپے مالیت کا ٹکٹ ایک لاکھ روپے میں بلیک میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ایم پی پانڈوو کے مطابق میچ کی تمام ٹکٹس فروخت ہو چکی ہیں اور اب مزید گنجائش نہیں ہے۔