29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بھارت نے گوانتانامو کیخلاف قرارداد کی حمایت سے انکار کیا تھا،وکی لیکس
جنگ نیوز -
کراچی…بھارت اقوام متحدہ کی مستقل رکنیت کے حصول کی خاطر امریکی کی خوشنودی کیلئے کیا کیا جتن کررہا ہے ؛ وکی لیکس نے اس کا بھانڈہ بھی پھوڑ دیا۔ بھارت نے دو ہزار نو میں بدنام زمانہ امریکی جیل گوانتاناموبے میں غیر انسانی سلوک کیخلاف قرارداد کی حمایت کرنے سے انکار کردیا تھا۔چار نومبر دو ہزار نو کو نئی دہلی سے امریکی پولیٹیکل قونصلر Uzra Zeya نے واشنگٹن کو مراسلہ ارسال کیا جس میں بتایا گیا کہ نئی دہلی نے امریکا کیخلاف گولڈ اسٹون رپورٹ کی حمایت کرنے کا اعلان کیا۔ امریکی حکام کو اس بارے میں پہلے سے آگاہ کردیا گیا تھا۔ بھارتی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر وابستہ ملکوں کی تنظیم نام اور عرب ملکوں کیساتھ تعلقات کی بہتری ہے کیونکہ بھارت نہیں چاہتا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت کے حصول میں اسے کہیں سے رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑے۔پچیس اپریل دو ہزار پانچ کو بھی نئی دہلی میں امریکی سفارت کانے کے ناظم الامور رابرٹ او بلیک نے واشنگٹن مراسلہ بھیجاجس میں بتایا گیا کہ بھارت گوانتاناموبے میں امریکی فوجیوں کے غیر انسانی سلوک کیخلاف قرارداد کی مخالفت کریگا۔ جوائنٹ سیکرٹری جے شنکر نے امریکی قونصلر کو قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ جے شنکر کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے بھارت خود کو نیٹو ممالک اور دیگر قریبی اتحادیوں کیساتھ منسلک کرلے گا۔