29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 5روپے کا اضافہ کر دیا گیا
جنگ نیوز -
اسلام آباد…بھارت کے ہاتھوں شکست پر افسردہ پاکستانیوں کے لیے ایک اور غم، مائع پٹرولیم گیس کی قیمت میں پانچ روپے فی کلو اضافہ، گھریلو سلنڈر مزید59 روپے مہنگا ہوگیا۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عرفان کھوکھر نے جیو نیوز کو بتایاکہ حالیہ اضافہ بین الاقوامی قیمت میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ پانچ روپے اضافے سے کمرشل سلنڈر227 روپے مزید مہنگا ہوگیا ہے۔ عرفان کھوکھر کے مطابق کراچی اور لاہور میں ایل پی جی کی قیمت95 روپے سے بڑھ کر100 روپے فی کلو،،پشاور، اسلام آباد، راول پنڈی، رحیم یار خان، بہال پور، کوہاٹ اور مری میں110 سے بڑھ کر115 اور مظفر آباد میں فی کلو قیمت115 سے بڑھ کر120 روپے تک پہنچ گئی ہے۔فیصل آباد اور سیال کوٹ میں نرخ100 سے بڑھ کر105 روپے فی کلو ہوگئے ہیں،جبکہ ملتان میں قیمت105 سے بڑھ کر110 اور گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ضلع باغ، میرپور اور راولا کوٹ میں125 سے بڑھ کر130 روپے فی کلو تک جاپہنچی ہے۔