29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کراچی میں دُکانداروں کا بھتہ مافیاکے خلاف احتجاجی مظاہرہ
جنگ نیوز -
کراچی …کراچی میں دُکانداروں نے بھتہ مافیاکے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیااور ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کیلئے بندکردیا،اس دوران کئی مارکیٹیں بند رہیں۔ایم اے جناح روڈ پر ریڈیو پاکستان کے قریب آئے دن ایک لاکھ روپے سے10لاکھ روپے تک کی بھتہ کی پرچیاں ملنے پر دکانداروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرین نے ایم اے جناح روڈ کے اطراف میں قائم تمام مارکیٹیں بندکروادیں اورسڑکوں پرٹائر اور لکڑی کے تختے جلائے،مظاہرین نے بتایا کہ اگر وہ بھتہ مافیاکو رقم نہیں دیتے تومسلح ملزمان انہیں دکانوں پرآکرقتل کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ایم اے جناح روڈ پرتین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے احتجاج کے باعث اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، لیکن پولیس اہلکار بے بس کھڑے رہے ،جبکہ رینجرز اہلکار تو معاملے سے بچنے کیلئے درختوں کی چھاؤں میں بیٹھے رہے۔دکانداروں نے ارکان سندھ اسمبلی اورپولیس حکام کی یقین دہانی کے بعداحتجاج توختم کردیا،لیکن عدم تحفظ اورمطالبات تسلیم نہ کئے جانے پردوبارہ احتجاج کرنے اورکاروباری مراکز بند رکھنے کااعلان کیاہے۔کراچی کے تاجروں کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ آئے دن بھتہ مافیا کی جانب سے دکانداروں سے بھتہ طلب کرنے کے واقعات کا سد باب کیا جائے ،تاکہ وہ اپنا روز گار منافع بخش طریقے سے جاری رکھ رسکیں۔