29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
مولانا فضل کے قافلے پر بم دھماکے کھلی دہشت گردی ہے ، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے چارسدہ میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قافلے کے قریب بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوربم دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد شہریوں کی جاں بحق ہونے وزخمی ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ روز صوابی میں انٹرچینج کے قریب مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر بم دھماکہ کرکے متعدد بے گناہ شہریوں کو ہلاک وزخمی کردیا گیا تھا اور آج چارسدہ میں بھی مولانا فضل الرحمان کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بم دھماکے کھلی دہشت گردی ہے اور جوعناصر اس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں وہ ملک وقوم کے کھلے دشمن ہیں ۔ الطاف حسین نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں سمیت متعدد شہریوں کی جاں بحق ہونے پر دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوارلواحقین کوصبرجمیل عطا کرے ۔ انہوں نے بم دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔دریں اثناء قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سیدحیدر عباس رضوی نے جمعرات کو چارسدہ میں مولانا فضل الرحمان کو فون کرکے قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے خیریت دریافت کی ۔حیدر عباس رضوی نے مولانا فضل الرحمان پر خود کش حملہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور خود کش دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔علاوہ ازیں الطاف حسین نے پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست پر دل بر داشتہ نہ ہوں کیونکہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہو تاہے اور جب دو ٹیمیں میدان میں اترتی ہے تو ایک کی ہار اوردوسری کی جیت ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی کی عوام کوچاہیے کہ وہ مایوس اور دل برداشتہ ہونے کی وجہ سے اپنے کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ نہ بنائیں بلکہ ان کا حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔