29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
تاج حیدر،شرجیل میمن کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کل ہو گی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ میں پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل تاج حیدر اور رکن صوبائی اسمبلی شرجیل میمن کے خلاف توہین عدالت اور اسمبلی رکنیت سے نا اہلی کے نوٹسز کی سماعت کل کی جائے گی۔ سپریم کورٹ کا بنچ چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخارمحمدچودھری کی سربراہی میں جسٹس ثائر علی اور جسٹس غلام ربانی پر مشتمل ہے ۔ سپریم کورٹ نے جسٹس ریٹائر دیدار حسین شاہ کی بطور چیئرمین نیب تقرری کو10مارچ کو کالعدم قرار دیا تھا، جس کے خلاف پیپلز پارٹی سندھ کے رہنماوں نے صوبہ سندھ میں ہڑتال کی کال دی ، جس دوران کئی گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا اور اس دوران سات افراد ہلاک ہو گئے تھے، سپریم کورٹ نے اس پر نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ ، سیکرٹری سندھ اسمبلی ، چیئرمین پیمرا ، آئی جی سندھ اور ڈی جی آئی بی سے رپورٹ طلب کی تھی جس کے بعد تاج حیدر اور شرجیل میمن کو عدالت کو سکینڈلائز کرنے اور بدنام کرنے پر توہین عدالت کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے طلب کیا گیا۔ شرجیل میمن کو توہین عدالت کے نوٹس کے ساتھ اسمبلی رکنیت سے نا اہل قراردینے کا بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔ عدالت نے اٹارنی جنرل ، صدر سپریم کورٹ بار اور وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کو معاونت کے لئے نوٹس جاری کئے ہیں۔