29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
روٹی کی قیمت اضافہ شہباز شریف کے وعدے کی نفی ہے، چوہدری ظہیر
جنگ نیوز -
لاہور…مسلم لیگ ق کے پارلیمانی لیڈر چوہدری ظہیر الدین خاں نے کہا ہے کہ روٹی نان کی قیمت میں ایک روپیہ اضافہ سے غربت کم کرنے اور غریب کا پیٹ بھرنے کے دعوؤں کی نفی ہو گئی وزیراعلیٰ پنجاب کہتے تھے روٹی 2 روپے میں نہ بکوائی تو میرا نام شہباز شریف نہیں اب کم از کم وہ نام بدل لینے والا ایک وعدہ ہی پورا کر دیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مسلم لیگی اراکین صوبائی اسمبلی و عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ لاکھوں ٹن گندم کھلے آسمان تلے پڑی گل سڑ رہی ہے مگر غریب روٹی کے سستے نوالے کو ترس رہا ہے روٹی اور نان پہلے ہی 6 سے 8 روپے میں بک رہے تھے اب1 روپیہ اضافہ سے غریب خاندان بھوکے رہنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اکثریت سے محروم وزیراعلیٰ کے پاس تندوروں میں جلانے کیلئے اربوں روپے ہیں تو پڑھے لکھے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیلئے کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت میں اضافہ واپس لے کر اسے 2 روپے میں فروخت کرانے کا وعدہ پورا کیا جائے۔