29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
اورکزئی ایجنسی،فورسز کے ساتھ جھڑپ میں6شدت پسند ہلاک
جنگ نیوز -
پشاور…اورکزئی ایجنسی میں شدت پسندوں نے فورسز پر حملہ کردیا جس میں تین اہلکار زخمی ہوگئے ۔فورسز کی جوابی کارروائی میں 6شدت پسند ہلاک ہوگئے ۔ادھر خیبر ایجنسی میں نیٹو آئل ٹینکرز کے ٹرمنل پر شدت پسندوں نے حملہ کر کے 3چوکیداروں کو قتل اور دو کو اغوا کرلیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اپراورکزئی ایجنسی کے علاقہ ڈبوری میں شدت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر راکٹوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے ۔حملے کے بعد فورسز نے جوابی کارروائی کردی جس میں 6شدت پسند ہلاک ہوگئے ۔ادھر خیبر ایجنسی کے لنڈی کوتل بازار میں نیٹو آئل ٹینکرز کے ٹرمنل پر 5 چوکیدار ڈیوٹی دے رہے تھے کہ شدت پسندوں نے اچانک ٹرمنل پر دھاوا بول کر ڈیوٹی دینے والے تین چوکیداروں کو موقع پر ہی قتل اور دو کو اغوا کرلیا۔ جبکہ ٹرمنل پر کھڑے نیٹو کے آئل ٹینکرز کو بھی جلانے کی کوشش کی تاہم وہ محفوظ رہے۔ شدت پسندوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے تینوں افرادلنڈی کوتل کے رہائشی ہیں۔ جو گزشتہ تین سال سے نیٹو آئل ٹینکرزکے ٹرمنل پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔