29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کوئٹہ،مولانافضل الرحمن پر حملوں کے خلاف شٹر ڈاوٴن ہڑتال
جنگ نیوز -
کوئٹہ…کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام ف کے زیراہتمام قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن پرقاتلانہ حملوں کے خلاف شٹرڈاون ہڑتال کی جارہی ہے جبکہ صوبے بھرمیں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گئے۔ مولانا فضل الرحمن کے قافلے پرچار سدہ میں ہونے والے خودکش حملے کے خلاف کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں شٹرڈاون ہڑتال کی جارہی ہے کوئٹہ میں لیاقت بازار،قندہاری بازار،عبدالستار روڈ،طوغی روڈ،اور اس سے ملحقہ علاقوں میں تمام اہم کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ ٹریفک بھی معمول سے کم دیکھائی دے رہی ہے اس سلسلے میں تمام سیاسی مذہبی جماعتوں اور تاجر برادری نے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیاہے۔کوئٹہ کے علاوہ ژوب،کچلاک،پشین،قلعہ عبداللہ،چمن،پشین،موسیخیل،مسلم باغ،زیارت اور دیگر علاقوں میں بھی شٹرڈاون ہڑتال کی جارہی ہے تاہم کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔ جمعیت قائد جمیعت مولانا فضل الرحمن پر قاتلانہ حملے کے خلاف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے بھی منعقد کرینگے۔