29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سابق جاپانی وزیراعظم کی پاکستانی کمیونٹی کے ہمراہ متاثرین میں امداد کی تقسیم
جنگ نیوز -
ٹوکیو…عرفان صدیقی…جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے زلزلے اور سونامی سے متاثرہ جاپانی شہریوں کو لاکھوں ڈالر کی امدادی اشیاء کی تقسیم کے موقع پر جاپان کے سابق وزیر اعظم بھی پاکستانی امدادی کارکنوں میں گھل مل گئے اور انکے ساتھ جاپانی متاثرین میں اشیاء کی تقسیم کی۔ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی نے زلزلہ سے متاثرہ جاپانی شہریوں کی بھاری اور تسلسل کے ساتھ امداد کرکے جاپان میں ایک نئی اور مثبت شناخت پیدا کرلی ہے پاکستانی شہریوں کو نہ صرف جاپانی میڈیا بلکہ حکومتی ارکان بھی خراج تحسین پیش کر رہے ہیں ، اس حوالے سے اسلامک سرکل آف جاپان نے دیگر اسلامی اور پاکستانی تنظیموں کے ساتھ ملکر میاگی کین ، فکوشیما کین اور یاماگاتا کین میں واقع جاپانی متاثرین کے پانچ سے زیادہ مراکز میں بھاری مقدار میں امدادی سامان تقسیم کیا،جس میں منرل واٹر ،گرین ٹی ،جوسز،گرم کپڑے ،بسکٹ ،کھلونے ،چولہے ،برتن ،آٹھ ہزار نوڈلز جبکہ ایک ہزار کلو چاول بھی تقسیم کیا گیا،جہاں اسلامک سرکل کے ارکان کو دیکھ کر امدادی سینٹر کے دورے پر آئے ہوئے جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو أبے نے پاکستانی امدادی ٹیم سے ملاقات کی ،انکے جذبے کی تعریف کی اور انکے ساتھ ملکر آدھے گھنٹے تک جاپانی پناہ گزینوں میں امداد تقسیم کی جس کے بعد انھوں نے جاپانی بچوں کے ساتھ ملک کر ادوزبان میں پاکستانی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا ، اسلامک سرکل آف جاپان کی ٹیم میں جمیل احمد ،ڈاکٹر خالد ملک اعوان ، عرفان خورشید ،راجہ خالد ،عارف اللہ ،انعام اللہ ،امانت علی،عشرت علی ہاشمی سمیت بڑی تعداد میں ارکان شامل تھے، دوسری جانب پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں مسلم لیگ ن جاپان ،پیپلز پارٹی جاپان ،تحریک انصاف جاپان ،منہاج القران جاپان ،اسلامک سینٹر جاپان سمیت دیگر تنظیمیں بھی جاپانیوں میں امدادی اشیاء تقسیم کرنے میں پیش پیش ہیں جس نے جاپان میں پاکستانیوں کو ایک نئی پہچان ملی ہے ،واضح رہے کہ جاپان میں اب تک پاکستانی ایک ملین ڈالر سے زائد کی امداد جاپانی شہریوں میں تقیسم کرچکے ہیں۔