تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

توہین عدالت: تاج حیدر اور شرجیل میمن کیخلاف کیس کی سماعت ملتوی

جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کیس میں عدالتی فیصلے پرتنقید کرنیوالے پیپلز پارٹی سندھ کے رہنماؤں تاج حیدر اور شرجیل میمن کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت25 اپریل تک ملتوی کردی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ یہ ذاتی معاملہ نہیں بلکہ عدالت کے وقار کی بات ہے، ملکر سسٹم نہ چلایا گیا تو سب کو پتا ہے کہ کیا ہوگا۔چیف جسٹس افتخار چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے تاج حیدر اور شرجیل میمن کیخلاف توہین عدالت کے مقدمہ کی سماعت کی ، دونوں رہنماؤں نے اس نوٹس پر جواب کیلئے دو ماہ کی مہلت مانگی لیکن عدالت نے کہا کہ پندرہ روز سے زائد کی مہلت نہیں دی جاسکتی ۔ سپریم کورٹ بار کی صدر عاصمہ جہانگیر نے بطور عدالتی معاون دلائل میں کہا کہ محکمہ داخلہ کے مطابق سندھ میں دوران ہڑتال4 افراد ہلاک ہوئے، اس دوران جو کرمنل کیسز درج ہوئے ان کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ عوامی نمائندے ہیں اور ہم سب نے مل کر جمہوریت کی جدوجہد کی تھی ،بعد میں مقدمہ کی سماعت25 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔تاج حیدر اور شرجیل میمن کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے موقع پر پیپلزپارٹی کے صوبائی وزرا، ایم پی ایز اور رہنما بڑی تعداد میں سپریم کورٹ آئے ، اس موقع پر عدالت کی سکیورٹی کے لئے اضافی انتظامات بھی کئے گئے تھے۔پیپلز پارٹی کے رہنما آج دن چڑھتے ہی اسلام آباد میں سپریم کورٹ کی عمارت پہنچنا شروع ہوگئے تھے ، اس موقع پر عدالت کی سکیورٹی کے اضافی انتظامات کیلئے پولیس کے ساتھ رینجرز بھی تعینات تھے ۔ عدالت آنیوالوں کی تلاشی لے کر انہیں جانے کی اجازت دی جاتی رہی ،مقدمہ کی سماعت سے قبل ہی چیف جسٹس والے کورٹ روم ون میں تاج حیدر، شرجیل میمن ، ذوالفقار مرزا، پیرمظہرالحق، شازیہ مری، ایازسومرو اور دیگر پہنچ گئے تھے ، ایک اندازے کے مطابق کمرہ عدالت میں سندھ اسمبلی کے ساٹھ سے زائد ارکان موجود تھے اور کمرہ میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.