29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پاکستان کے حکمران بھی امریکی کاسہ لیسی ترک کر دیں،مجلس وحدت مسلمین
جنگ نیوز -
کراچی…تیونس ،یمن،مصر اور اردن سمیت عرب ممالک میں امریکی و صہیونی کاسہ لیس حکمرانوں کے خلاف عوامی بیداری اسلامی انقلاب کی نوید ہے ،پاکستان کے حکمران بھی امریکی کاسہ لیسی ترک کر دیں اور عوام کی خدمت کو اولین ترجیح قرار دیں۔ان خیالات کا اظہا ر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کراچی آمد پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ امین شہیدی اور دیگر بھی موجود تھے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماعلامہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ تیونس میں عوام کے عظیم الشان انقلاب کے بعد دیگر عرب ریاستوں میں بھی انقلابی تحرک مثبت اور خوش آئند ہے اور یہ بات امریکی غلام حکمرانوں کیلئے انتہائی تشویش کا باعث ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ عرب ریاستوں کے امریکی نواز حکمرانوں کو چاہئے کہ حکومتوں سے مستعفی ہو جائیں بصورت دیگر عوامی انقلاب انھیں بہا لے جائے گا،اس موقع پر رہنما کاکہنا تھا کہ پاکستان کے امریکی کاسہ لیس حکمرانوں کو بھی ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور امریکی غلامی سے آزاد ہو کر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جد وجہد کرنی چا ہیے۔