29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
صدر نے بھٹو پھانسی کیس دوبارہ کھولنے کے ریفرنس پر دستخط کردیئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد…صدرآصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینے کا مقدمہ ری اوپن کرنے کے ریفرنس پر دستخط کر دیے ہیں،ریفرنس میں سپریم کورٹ سے مقدمے کے دوبارہ جائزے اور پھانسی کی سزا پر رائے دینے کی استدعا کی گئی ہے۔صدارتی ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے آئین کے آرٹیکل186کے تحت وفاقی وزیر قانون بابر اعوان اور سندھ کے وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کی موجودگی میں ریفرنس پر دستخط کیے ۔ ریفرنس اب وفاقی وزارت قانون و انصاف کی طرف سے عدالت عظمیٰ میں بھیجا جائے گا۔ صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی انتقام پر یقین نہیں رکھتی لیکن تاریخی غلطی کی تصیح چاہتی ہے،رواں ہفتے کے آغاز میں وفاقی کابینہ نے صدر زرادری کو ریفرنس عدالت عظمیٰ کو بھجوانے کا اختیار دیا تھا۔آئین کے آرٹیکل186کے تحت صدر جب محسوس کریں کہ کسی بھی قانونی پہلو پر سپریم کورٹ کی رائے درکار ہے تو وہ عدالت عظمی کو جائزے کیلئے ریفرنس بھجوا سکتے ہیں۔سپریم کورٹ ریفرنس قبول کرتے ہوئے صدر کوپوچھے گئے سوال پر اپنی رائے سے آگاہ کریگی۔ صدارتی ترجمان کے مطابق شہید بھٹو کو پھانسی دینے والے بنچ میں شامل ایک جج خود یہ اعتراف کر چکے ہیں کہ اختلافی فیصلہ اس وقت کے آمر کے دباؤ کی وجہ سے دیا گیا تھا۔