29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوا م پرظلم ہے، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پیٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل اوردیگرپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو عوامی مفاد کے سراسر منافی قراردیتے ہوئے وفاقی حکومت سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ قیمتوں میں کئے جانے والے اس اضافہ پرفی الفورنظرثانی کی جائے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل اوردیگرپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت تمام اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافہ ہورہاہے جس کے باعث غریب ومتوسط طبقہ کے عوام جوپہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں،ان پر سراسر ظلم ہے۔ الطاف حسین نے حکمرانوں کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل اوردیگرپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پرنظرثانی کی جائے اور عوام پربوجھ ڈالنے کے بجائے حکومت خود بوجھ برداشت کرے اوراپنے غیرترقیاتی اخراجات میں کمی کرکے سبسڈی فراہم کرے۔ دریں اثناء ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے پیڑول کی قیمتوں میں اضافہ کر نے پرگہر ی تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس فیصلے کو عوام پر سراسر ظلم قرار دیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پہلے ہی عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور حکومت کی جانب سے ایک بار پھر پیڑول کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انہیں مزید ذہنی پریشانی اور اذیت میں مبتلا کرنا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اوگرا کی جانب سے پیڑولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو فوری واپس لیا جائے اور عوام میں بڑھاتی ہوئی بے چینی و پریشانی کو دور کیا جائے ۔