29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ایم کیوایم کے خلاف منفی پروپیگنڈوں کا تاثر ختم ہوگیا، رضا ہارون
جنگ نیوز -
کراچی…معروف صنعتکار آصف علی رشید کی جانب سے ڈیفنس میں حق پرست رکن قومی اسمبلی محترمہ خوش بخت شجاعت کے اعزاز میں عصرانہ دیا گیا جس میں ڈیفنس کلفٹن کے نوجوانوں ، بزرگوں ، خواتین ، تاجروں ، صنعتکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ عصرانہ سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن و حق پرست صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی رضا ہارون ، محترمہ خوش بخت شجاعت اور میزبا ن نے خطاب کیا ،اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی رضاہارون نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین نے 25سال کی عمر سے ہی ملک و قوم کے بارے میں سوچنا شروع کردیاتھا اور ان کی قیادت میں آج ایم کیوایم ملک بھر کے غریب ومتوسط طبقے کے عوام کی نمائندہ جماعت بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے خلاف ماضی میں نہایت منفی اور جھوٹے پروپیگنڈے کئے گئے اور انہیں جواز بنا کر ریاستی آپریشن کرکے ہزاروں کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا تاہم ایم کیوایم کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا تاثر اب ختم ہوگیا ہے اور حقیقت عوام کے سامنے عیاں ہوچکی ہے اب زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ایم کیوایم شامل ہورہے ہیں اور حق پرستی کے فکرو فلسفہ اور نظریہ کی سچائی کو کھلے دل سے تسلیم کررہے ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ خوش بخت شجاعت نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ ملک بھر کی مظلوم قومیتوں اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی تحریک ہے جس نے ہر دور میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے اور عوام الناس کی عملی خدمت کرکے خود کومنوایا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایم کیوایم گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں کامیابیاں حاصل کرچکی ہے اور حق پرستی کا فکر وفلسفہ اورنظریہ اب ملک بھر کے مظلوم عوام کیلئے ظلم ، کرپشن اور لوٹ مار سمیت فرسودہ جاگیردارانہ وڈیرانہ اور سردارانہ نظام کے خاتمے کیلئے امید کی آخری کرن بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک کوجس تباہی وبربادی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کی تمامتر ذمہ داری نام نہاد سیاسی و مذہبی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے جنھوں نے غریب و مظلوم عوام کو کھوکھلے نعرو ں اورسیاسی شبدے بازی کے سو ا کچھ نہیں دیا ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم واحد جماعت ہے جو ملک سے جاگیر دارانہ ، وڈیرانہ نظام کے خاتمے کیلئے اپنا عملی کردار ادا کررہی ہے تاکہ ملک میں 98فیصد غریب و متو سط طبقے کی حکمرانی قائم ہوسکے ۔انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کی ولولہ انگیز قیادت میں آنے والا وقت متحدہ قومی موومنٹ کا ہے اور ایک بہت بری تبدیلی ملک کے دروازے پر انقلاب کی صورت میں دستک دے رہی ہے ۔ آصف علی رشید نے ایم کیوایم کے حق پرست منتخب نمائندوں کی عوامی خدمات کو سرہا اور انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔