29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
خود کش دھماکے: دہشت گرد جہالت میں ڈوبے ہوئے ہیں ، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے درہ آدم خیل کے درہ بازار میں خود کش بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور خود کش دھماکوں کو ملک وقوم کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازش کا تسلسل قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ سفاک دہشت گرد خود کش بم دھماکوں کے ذریعے مسلح افواج ، پیرا ملٹری فورسز ، پولیس ، مساجد ، مدرسوں اور اہم دفاعی تنصیبات و عوامی مقامات کو نشانہ بنا چکے ہیں اور ان کی دہشت گردانہ کاررائیوں سے کوئی بھی مکتبہ فکر محفوظ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ درہ آدم خیل کے درہ بازار میں خود کش بم دھماکہ دہشت گردوں کی درندگی اور سفاکیت کو ظاہر کرتا ہے اور معصوم عوام کو بلاجواز خود کش دھماکوں کے ذریعے شہیدو زخمی کرنے والے دہشت گرد نہ صرف ملک و قوم بلکہ انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اور اان سفاک دہشت گردوں کا کوئی دین و ایمان نہیں ہے اور وہ جہل کی تاریکیوں میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے خود کش بم دھماکے میں شہید ہونے والے فرد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعز یت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور شہید کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ درہ آدم خیل کے درہ بازار میں خود کش بم دھماکے کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، دہشت گردوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے اور دہشت گردوں کی سفاکانہ کارورائیوں سے عوامی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ملک کے تمام وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جائیں ۔