29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بھتہ مافیہ سے نجات دلانے کیلئے ہر فورم پر آواز بلندکرینگے ، فاروق ستار
جنگ نیوز -
کراچی… آل کراچی تاجر اتحاد کے ایک نمائند ہ وفد نے جمعہ کے روز خورشید بیگم میموریل بلڈنگ عزیز آباد میں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکڑ فاروق ستار سے ملا قات کی اور گینگ وار ، جرائم پیشہ افراد اوردہشت گردوں کی جانب سے مسلسل بھتہ کی پرچیاں دینے ،انہیں تشدد کا نشانہ بنانے اور بھتہ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور خوف ہراس میں مبتلا کرنے کی صورتحال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس مو قع پر رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب اور کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج عماد صدیقی بھی موجودتھے ۔ وفد نے مسائل سے آگاہ کر تے ہوئے کہا کہ گینگ واراور جرائم پیشہ عناصر انہیں گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل ہراسا ں کررہے ہیں اور تجارتی و کاروباری حضرات کو بھاری رقوم کی وصولی کیلئے بھتہ کی پرچیاں ،بھتہ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیا ں دی جارہی ہیں جس کی وجہ سے تاجر برادری میں نہ صرف تشویش پائی جارہی ہے بلکہ وہ ذہنی کوفت میں مبتلا ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی معاشی حب ہے جو وفاق کو 70فیصد سے زائد ریونیوں دینے والا شہر بھی ہے لہٰذا کراچی کی معاشی صورت ہال کو بہتر بنانا پاکستان کی معیشت کو غیر مستحکم کر نے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا جس طرح بھتہ مافیا جرائم پیشہ افراد کی جانب سے تاجر برادری او رکاروباری حضرات کو تشدد کانشانہ بنانا ،انہیں قتل و زخمی کرنے اور بھتہ کی پر چیاں دینے کا سلسلہ جاری ہے اور حکمرانوں اور انتظامیہ کی جانب سے خاموش تماشائی بنارہنا سوالیہ نشان ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برداری کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو پھر تاجر برادری اپنا سرمایہ غیرممالک میں منتقل کرنے پر مجبور ہونگے جس سے نہ صرف کراچی کی معیشت کو نقصان پہنچے کا اندیشہ ہے بلکہ پورے ملک کے معیشت کا پہیہ بھی رک سکتا ہے ۔ وفد نے ڈاکٹر فاروق ستار سے کہا کہ ایم کیوایم تاجر برادری کو بھتہ مافیہ اور جرائم پیشہ افراد سے نجات دلانے ، ان کے مسائل کے حل اور تحفظ فراہم کرانے میں اپنا اہم کردار ادا کرے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے وفد کی گزارشات کو غور سے سنا اور ان سے اظہاریکجہتی ،ہمدردی کرتے ہوئے قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے نہ صرف ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی بلکہ مکمل حمایت بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم تاجر برادری کے ساتھ ہے اور انکے مسائل کے حل اور بھتہ مافیہ سے نجات دلا نے کیلئے اعلیٰ حکام کی توجہ مبذول کرواتی رہی ہے اور اس سلسلے میں ہر فورم پر بھی آواز بلند کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی تاجر برادی کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں رہے گی ،انھوں نے صدر آصف علی زرداری ،وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ،وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور دیگر ارباب اختیا ر سے مطالبہ کیا کہ کراچی کوگینگ وار اور بھتہ مافیہ کے دہشت گردو سے پاک کیا جائے ، تاجر برادری کو بھتہ کی پر چیاں دینے اور انہیں ہراساں کرنے کا فی الفور نوٹس لیا جائے ، اس میں ملو ث دہشت گر د عناصر اور ان کے سرپرستوں کو گرفتا ر کرکے قرار واقعی سز ا دی جائے اور تاجر بردری کو تحفظ فراہم کیا جائے۔