29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
حکومت پنجاب کا الٹی میٹم ہڑتالی ڈاکٹروں نے مسترد کر دیا
جنگ نیوز -
لاہور…حکومت پنجاب نے ہڑتالی ڈاکٹرز کو آخری بار الٹی میٹم دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ24گھنٹے کے اندر ڈیوٹیوں پر واپس پہنچ جائے، ادھر ترجمان حکوت پنجاب کا کہنا ہے کہ ہڑتال کے باعث پیش آنیوالی صورتحال سے نمنٹنے کیلئے متبادل انتطامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور بے روزگار ڈاکٹروں کو ایڈ ہاک بنیاد پر تقرریوں کے لئے محکمہ صحت سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب حکومتی الٹی میٹم کو ینگ ڈاکٹرز نے مسترد کردیا اوراعلان کیاہے کہ حکومت متبادل انتظامات کرلے ڈاکٹرآج استعفے پیش کریں گے۔گذشتہ رات پنجاب کابینہ کے اجلاس میں ڈاکٹرز کی خدمات کولازمی سروس قراردیتے ہوئے ہڑتالی ڈاکٹروں کوچوبیس گھنٹے میں ڈیوٹی پر آنے کاالٹی میٹم دیاگیاتھا اوریہ بھی فیصلہ ہواتھا کہ ہڑتالی ڈاکٹر واپس نہ آئے توریٹائرڈ اوربیروزگارڈاکٹروں کو کنٹریکٹ پر بھرتی کیاجائے گا۔آج ینگ ڈاکٹرز نے اپنی ہڑتال جاری رکھی اوراعلان کیاکہ حکومت نے مطالبات نہ مانے،گرفتاریاں کرلے ملازمت سے نکال دے کوئی ڈاکٹرڈیوٹی پر نہیں آئے گا۔ینگ ڈاکٹروں نے دعوی کیاہے کہ ڈاکٹروں کے گھروں میں چھاپے مارنے اورگرفتاریوں کاعمل شروع کردیاگیاہے۔ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے اسپتالوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔