29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
کوئٹہ،مولانافضل الرحمن پرحملے کیخلاف وکلاء کا احتجاج
جنگ نیوز -
کوئٹہ…قائدجمعیت مولانافضل الرحمن پرحملے اورلاپتہ وکلا کی عدم بازیابی کے خلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں وکلا کی جانب سے عدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے ۔کوئٹہ سمیت صوبے بھروکلا جمعیت علما اسلام کے رہنما مولانا فضل الرحمن پر چارسدہ اور صوابی میں ہونے والے قاتلانہ حملوں اور بلوچستان کے مغوی وکیلوں سے اظہاریکجہتی کے طورپر عدالتوں کابائیکاٹ کر رہے ہیں اس موقع پر باررومزپرسیاہ جھنڈے لہرائے گئے جبکہ کوئی وکیل عدالتوں میں حاضر نہیں ہو ئے ۔صدربلوچستان ہائی کورٹ بارہادی شکیل نے کہاکہ امیر جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمن پر خود کش حملہ قابل مذمت ہے ۔انھوں نے کہا کہ سیاسی و سماجی شخصیات پر ہونے والے قاتلانہ حملوں کی ذمہ دار حکومت ہے کیونکہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو تحفظ فراہم کرئے ۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان سے تین وکیلوں کو اغوا کیا گیا جن کی بازیابی کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔انھوں نے بتایا کہ وکلا تنظیموں کی جانب سے لاپتہ وکلا کی بازیابی کے لئے سینئروکیل علی احمد کرد کی قیادت میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے کمیٹی لاپتہ ہونے والے وکلا کی بازیابی سے متعلق کیسوں کی سماعت میں شریک ہوگی۔انھوں نے کہاکہ وکلاعدالتوں کے بائیکاٹ کواچھا نہیں سمجھتے مگر ہڑتال کے ذریعے حکومتی نااہلی کے خلاف احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔