29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بھٹو کیس ری اوپن کرنے سے تاریخ پر لگاسیاہ دھبہ دھل جائیگا،بابر اعوان
جنگ نیوز -
اسلام آباد…صدر زرداری نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کیخلاف مقدمہ قتل کی عدالتی کارروائی کو ری اوپن کرنے کے ریفرنس پر دستخط کر دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نے کہا ہے کہ یہ ریفرنس ،تاریخ کے چہرے پر لگا سیاہ دھبہ دھونے کیلئے دائر کیا جا رہا ہے۔بابر اعوان نے بھٹو کیس کو ری اوپن کرنے کا ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوائے جانے سے پہلے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ ریفرنس پر صدر نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر دستخط کئے ہیں ۔ وزیر قانون نے کہا کہ عالمی برادری نے بھٹو کو پھانسی ، ناجائز قرار دی تھی اور ملک کی کسی اور عدالت نے بھی بھٹو کو پھانسی دینے کا فیصلہ تسلیم نہیں کیا، بعد میں بابر اعوان نے ریفرنس کو سپریم کورٹ میں دائر کرنے کیلئے اس کی دستاویز وفاقی سیکریٹری قانون کے حوالے کی۔