29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ہڑتالی ڈاکٹر مریضوں کی حالت پر رحم کریں اور انکا علاج کریں،ذوالفقار کھوسہ
جنگ نیوز -
لاہور…وزیر اعلیٰ پنجاب کے سینئر مشیر ذوالفقار علی کھوسہ کا کہنا ہے کہ کاشتکاروں کی کوئی لابی نہیں وہ پورے ملک میں متحد ہو کر ایک تنظیم بنائیں جبکہ ہڑتالی ڈاکٹروں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ مریضوں کی حالت پر رحم کریں اور ان کا علاج کریں۔یہ بات انھوں نے لاہور میں کاٹن کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ ذوالفقار کھوسہ کا کہنا تھا کہ کاشتکار اپنی خاموشی سے مار کھاتے ہیں وہ اپنا حق مانگنے کیلئے اکٹھے ہوجائیں پھر دیکھوں گا کہ مرکزی حکومت ان کے مطالبات کیسے نہیں مانتی۔ ہڑتالی ڈاکٹروں کے سوال پر ذوالفقار کھوسہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سعودی عرب کی طرح تیل نہیں نکلتا کہ ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ڈاکٹر کی تعلیم پر چھ سات لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں وہ اپنے فرائض کی طرف توجہ دیں۔