تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

لیبیا : مختلف شہروں میں شدید لڑائی جاری ،50سے زائد افراد ہلاک

جنگ نیوز -
طرابلس ... لیبیا کے مختلف شہروں میں حکومتی فورسز اور مخالفین کے درمیان شدید لڑائی ہفتے کو بھی جاری رہی ، جس میں پچاس سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مخالفین نے گھمسان کی لڑائی کے بعد البریقہ شہر پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔ آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ۔ تاہم البریقہ شہر کے اندر اور باہر خونریز جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ایک غیر ملکی نامہ نگار نے اجدابیا اور البریقہ کے درمیان سڑک پر لیبیا کے 7 فوجیوں کی لاشیں اور دس تباہ شدہ ٹرک دیکھے ۔ مصراتا میں مخالفین کا کہنا ہے کہ قذافی کی فورسز نے ہفتے کو تین اطراف سے شہر میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں پیچھے دھکیل دیا گیا ۔ لڑائی میں مخالفین کے دو جنگجوؤں سمیت تین افراد ہلاک ہوئے ۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی کے مطابق طرابلس کے جنوب مغرب میں واقع قصبے کیتلا ketla میں لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومتی فورسز نے جمعے اور ہفتے کو کئی راکٹ حملے کئے ۔ ان حملوں میں تیس سے زائد افراد مارے گئے ۔ ادھر بن غازی میں مخالفین کے ترجمان عبدالحافظ نے نیٹو کے فضائی حملے میں اپنے تیرہ ساتھیوں کی ہلاکت کو افسوس ناک واقعہ قرار دیا ۔۔ صحافیوں سے گفت گو کے دوران انہوں نے بتایا کہ غلطی سے کئے گئے اس حملے میں سات افراد زخمی بھی ہوئے ۔ نیٹو کی ایک ترجمان نے شہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کوئی باضابطہ تحقیقات شروع نہیں کی گئیں ۔سوئیڈن کے تین لڑاکا طیارے لیبیا کے مشن میں حصہ لینے کے لئے جنوبی علاقے Ronneby سے سارڈینیا روانہ ہوگئے ہیں ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.