29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال، مریض پریشان، انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی
جنگ نیوز -
لاہور . . . . لاہور میں چونتیس ویں روز بھی ینگ ڈاکٹرز ہڑتال پر ہیں۔ تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے بھرتی کئے گئے ڈاکٹروں نے کام شروع کر دیا ہے۔دوسری جانب لاہورمیں پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے۔ لاہور کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز نے یکم مارچ سے ہڑتال کر رکھی ہے۔ وہ اپنی تنخواہوں میں من مانے اضافے تک مریضوں کو نہ دیکھنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ایمرجنسی میں کام بند ہونے سے کئی مریض جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ کچھ روز پہلے پنجاب حکومت اور ینگ ڈاکٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے تھے۔ تاہم ڈاکٹروں نے طے ہونیوالے معاملات ماننے سے انکار کر دیا۔ گزشتہ روز ینگ ڈاکٹرز نے استعفے دینے کا اعلان کیا، لیکن ابھی تک ایک بھی ڈاکٹر نے استعفا نہیں دیا۔ دوسری جانب مریضوں کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی میں ڈاکٹروں کی بجائے نرسیں ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہیں۔پنجاب کے گیارہ اضلاع میں کل سے انسدادپولیو مہم شروع ہورہی ہے جبکہلاہور میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق پنجاب کے زیادہ حساس11 اضلاع میں بچوں کو کل سے پولیوکے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے لیکن لاہور میں یہ مہم ملتوی کردی گئی ہے،جن اضلاع میں محدود پولیومہم شروع کی جانی ہے۔ ان میں لاہور، راولپنڈی، ملتان،مظفرگڑھ،ڈیرہ غازی خان،راجن پور،رحیم یارخان ،لودھراں ،بہاولپور ،لیہ اورخانیوال کی تحصیل کبیروالا شامل ہیں لیکن لاہور میں یہ مہم ملتوی کردی گئی ہے ۔