29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
مولانا فضل الرحمان پرخودکش حملے معمولی بات نہیں، چوہدری شجاعت
جنگ نیوز -
اسلام آباد…چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمان پرایک کے بعددوسرا حملہ ہوناچھوٹی بات نہیں ،مولانا فضل الرحمان کاکہنا ہے کہ حکومت نے سیکیورٹی بڑھانے کی بات کی ہے تاہم ان پرکیے گئے حملوں کی خصوصی حیثیت ہے۔ مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی امیرمولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی۔اوران پر صوابی اور چارسدہ میں ہونے والے خود کش حملوں پراظہار افسوس کیا۔ ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگومیں چوہدری شجاعت کاکہنا تھاکہ حکومت دہشت گردی پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ہے۔مولانا فضل الرحمان پرخودکش حملے معمولی بات نہیں ہے۔ایک سوال پرانھوں نے کہاکہ تمام جماعتوں سے رابطے ہیں تاہم لیگی دھڑوں کو متحدکرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔ق لیگ کے سربراہ نے کہا کہ حکومت کی3سالہ خراب کارکردگی کے خلاف قومی اسمبلی سے واک آوٹ پرمجبورہوئے۔مولانافضل الرحمان کاکہنا تھا کہ اس وقت ملک میں جنگ کا بازار گرم ہے،10سال سے امریکا کی جانب سے بارود کی بارش جاری ہے۔اپنے اوپرہوئے حملوں کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ان پر کیے گئے حملوں کی امتیازی حیثیت ہے۔ ان حملوں کی ذمے داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ ٹھوس شواہد ملنے تک کوئی بات نہیں کی جاسکتی تاہم حکومت نے سیکیورٹی بڑھانے کی بات کی ہے۔