29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
مغربی طاقتیں افغانستان میں بدترین شکست سے دوچار ہیں، منور حسن
جنگ نیوز -
پشاور…جماعت اسلامی کے امیرسید منورحسن نے کہا ہے کہ امریکی اورمغربی فوجیں دس سال سے افغانستان میں لڑرہی ہیں لیکن اسے فتح کرنے کے بجائے خود شکست سے دوچارہیں ۔پشاورمیں فہم القران ورکشاپ سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگومیں سید منورحسن کا کہناتھا کہ مغربی تہذیب بطور نظام مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ افغانستان سوشلزم کی طرح مغربی دانش و بصیرت اور سائنس و ٹیکنالوجی کا بھی قبرستان ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کو نذر آتش کرنے والا پادری مغرب والوں کو انتہا پسند نہیں لگتا، جبکہ ہر مسلمان کو دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے۔ان کا کہناتھا کہ ریمنڈ ڈیوس کو رہاکرکے قومی مفادات کا سودا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری اپنی بیوی کے قاتلوں کو گرفتارنہ کرسکی اوربھٹوکے قتل کا کیس سپریم کورٹ میں دائرکرکے کیاحاصل کرلے گا۔ ان کا کہناتھا کہ کراچی کی ٹارگٹ کلنگ کے ذمہ دارخودحکومت میں موجود ہیں پیپلزپارٹی کو اکثریت حاصل ہے اس لئے سندھ میں اپنی تنہاحکومت بنائے ۔