29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ڈی جی خان:درگاہ سخی سرور کے احاطے میں تین دھماکے، 36افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
ڈی جی خان…ڈیرہ غازی خان میں درگاہ سخی سرور کے احاطے میں یکے بعد دیگرے تین دھماکوں میں 36افراد جاں بحق، اور سوسے زائد زخمی ہوگئے،جاں بحق ہونیوالوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،ریسکیو اہلکاروں نے ایک حملہ آور کو خودکش جیکٹ سمیت گرفتار کرلیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق سخی سرور میں حضرت احمد سلطان کی درگاہ کے احاطے میں ایک دھماکہ مرکزی گیٹ، دوسرا پانی کی ٹینکی جبکہ تیسرا دھماکہ مزار کے احاطے میں ہوا جبکہ تیسری دھماکا دونوں دھماکوں کے بعد تھوڑی دیر بازار میں ہوا جو بند ہوچکا تھا۔اطلاعات کے مطابق پہلے دونوں دھماکے خودکش بتائے جاتے ہیں، دھماکوں کے وقت دربار میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے، جاں بحق ہونیوالوں میں چار بچے اور آٹھ خواتین بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 26 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال جبکہ بیس سے زائد زخمیوں کو بنیادی صحت مرکز سخی سرور لایا گیا ہے جہاں پر کئی افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے،دھماکوں کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے درگاہ کے احاطے سے ایک حملہ آور کو خودکش جیکٹ سمیت پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا ہے،جسے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس اور بارڈر پولیس نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا اور کسی کو باہرجانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔دھماکے کے بعد مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور پولیس کو تشدد کا نشانہ بنایا۔شدید زخمیوں کو ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔