29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
مزارکے احاطے میں بم دھماکے بڑا سا نحہ ہے، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں حضرت سخی سلطان سرور کے مزارکے احاطے میں بم دھماکوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اوردہشت گردی کے اس واقعہ میں متعددزائرین کے شہیدوزخمی ہونے پر دلی افسوس کااظہارکیاہے ۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ اس سے قبل بھی مسلح دہشت گرد حضرت شیخ علی ہجویری المعروف حضرت داتاگنج بخش ، حضرت بابافریدگنج شکر ،حضرت عبداللہ شاہ غازی ، حضرت ا مام بری اور دیگراولیائے کرام کے مزارات مقدسہ کودہشت گردی کانشانہ بناچکے ہیں جن میں سینکڑوں زائرین شہیدوخمی ہوچکے ہیں لیکن افسوس کہ حکومت کی جانب سے اولیائے کرام کے مزارات کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے اورآج ڈیرہ غازی خان میں حضرت سخی سلطان سرور کے مزارپردھماکے کئے گئے ہیں جو ایک بڑا سانحہ ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ جوعناصراسلام کے نام پر اولیائے کرام کے مزارات مقدسہ کودہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں اورمسلمانوں کوخون میں نہلارہے ہیں وہ نہ تواسلام کے دوست ہیں اورنہ ہی مسلمانوں کے بلکہ یہ درندہ صفت عناصردین اسلام اورانسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔انہوں نے کہاکہ قرآن مجیددہشت گردی اورمخالف مذاہب اورعقائدکے ماننے والوں کوصفحہ ہستی سے مٹانے کانہیں بلکہ ” لکم دینکم ولی الدین “ اور ” لااکراہ فی الدین “ کادرس دیتاہے اورجوانتہاپسندعناصراس کے برعکس عمل کررہے ہیں وہ اللہ تعالیٰ، اس کے رسول ، قرآن مجیداوراسلام کی تعلیمات کی کھلی نفی کررہے ہیں۔ الطاف حسین نے حضرت سخی سلطان سرور کے مزارپربم دھماکے میں شہیدہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے دعاکی اللہ تعالیٰ شہیدوں کواپنی جواررحمت میں جگہ دے اورتمام لواحقین کوصبرجمیل عطاکرے۔ انہوں نے زخمیوں کی صحتیابی کیلئے بھی دعا کی ۔ الطاف حسین نے دہشت گردی کے واقعہ پر حضرت سخی سلطان سرور کے مزارکے گدی نشین ، منتظمین اورتمام مجاوروں سے بھی دلی ہمدردی کا اظہارکیا۔